خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے فنی تعلیم، صنعت وحرفت اور امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ نےنوشہرہ میں ہوابازی کی تربیت کی غرض سے قائم کئے گئےمرکزخیبر پختونخواسکول آف ایوی ایشن ٹریننگ اینڈ سروسز کو متعلقہ تربیتی سرگرمیوں کیلئے جلد از جلد فعال بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ ایوی ایشن کے اس تربیتی مرکز کو خطے میں متعارف کرانے اور یہاں پر ہوابازی کے جدید ترین کورسز شروع کرانے کیلئے ایک قابل عمل منصوبہ انھیں پیش کیا جائے۔
نگران وزیر نے اس حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی عامر آفاق اور منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ غضنفر علی کے ہمراہ نوشہرہ کا اچانک دورہ کرکے وہاں پر خیبر پختونخوا سکول آف ایوی ایشن ٹریننگ اینڈ سروسز کا معائنہ کیا۔واضح رہے کہ مذکورہ ادارہ ٹیوٹا نے ایوی ایشن سروسز ٹریننگ کی فراہمی کیلئے شاہین ٹیکنیکل ایجوکیشن ووکیشنل ٹریننگ پراجیکٹ کو دیا تھا۔
دورے کے دوران ادارے کے عملے نے نگران وزیر کو بتایا کہ سکول کو تربیتی مقاصد کیلئے 2019 میں جدید مشینری پہنچ چکی ہے تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی سے مزکورہ تربیتی کورسز کیلئے درکار لائسنس اور بعض دیگر حائل روکاوٹوں کی وجہ سے ایوی ایشن سروسز کے داخلے تاحال نہیں ہوسکے ہیں۔
اس موقع پر نگران وزیر نےساز وسامان سے لیس جدید ٹریینگ سنٹر کے بے کار پڑے رہنے اور استعمال میں نہ لانے پر تاسف کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ کئی سال گزرنے کے باوجود تربیتی مرکز تاحال غیر فعال پڑا ہے جس میں ہوابازی کی تربیت کیلئے جدید مشینری بھی موجود ہے۔
نگران وزیر نے ہدایت کی کہ اس قومی اثاثے کو تربیتی مقاصد کے حصول کیلئے جلد از جلد فعال بنایا جائے اور اس سلسلے میں انھیں قابل عمل منصوبہ پیش کیا جائے۔
انھوں نے دورے کے دوران تربیتی مرکز کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاں پر ہوا بازی کی تربیت کیلئے پڑی مشینری کا جائزہ لیا۔